تربیتی ورکشاپ کی اشد ضرورت۔۔۔تحریر : شفاعت ملک

تربیتی ورکشاپ کی اشد ضرورت۔۔۔تحریر : شفاعت ملک

ہمارے ملک اور ہمارے شہر کاہمارے اوپر بہت قرض ہے۔ اور اس قرض کا بڑا حصہ اتارنے کی ذمہ داری ان افراد پرہے جن کے پاس کچھ کرنے کی صلاحیت باقی افراد سے زیادہ ہے۔جیسے پیسے والے احباب اور وہ لوگ جن کے پاس عام لوگوں سے زیادہ علم اور تجربہ ہے۔ پیسے والے لوگ توایسے کاروبار کا آغاز کر سکتے ہیں جس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روز گار مہیا ہو سکے اور حاصل ہونے والی رقم کاکچھ حصہ شہر کی خوبصورتی ، اور بھلائی کے کاموں میں صرف کیا جاسکتا ہے۔ سکولوں میں لائبریوں کو کتب فراہم کی جاسکتی ہیں۔ ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کو دوائیوں کی فراہمی اور کھیلوں کی سہولیات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ اور زیادہ پڑھے لکھے اور مختلف شعبوں میں تجربہ رکھنے والے افراد ہفتہ وار ایک گھنٹے کا تربیتی پروگرام شروع کر کے نوجوانوں کی زندگی میں بہتری لانے میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان چھوٹے چھوٹے کاموں سے ہم علاقے کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ایسا کہنا تو شاید آسان ہے مگر یہ سب کر نے کے لئے اور اس سارے پروگرام کو ترتیب دینے اور منظم کرنے کے لئے بہت وقت اور بہترین منصوبہ بندی کی ضرورت ہو گی۔ تو اس سلسلے میں ایک غیر سرکاری تنظیم کا قیام بھی عمل لایاجاسکتا ہے جس میں شامل افراد باقاعدہ تربیت یافتہ اور تجربہ کار ہوں۔ وہ لوگ اس سارے کام کی دیکھ بھال کریں اور ان کوشہر کے اہم افراد کی سرپرستی حاصل ہو۔ ہمارے شہر کے کئی سپوت اس سارے پروگرام کو چلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ مگر اب سوال یہ ہے کہ کیا وہ تمام پیسے والے افراد اور علم و تجربہ رکھنے والے لوگ ان کاموں میں دلچسپی بھی رکھتے ہیں یا نہیں تو اس سلسلے میں ایک آگاہی مہم کاآغاز کیاجاسکتا ہے اور ان سب افراد کو اس طرف راغب کیا جا سکتا ہے ۔ میری یہ تحریر اس ضمن میں پہلی کاوش تصور کی جا سکتی ہے۔ تمام قارئین سے گزارش ہے کہ اس پیغام کو پھیلائیں اور میرا ادارہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
اس قسم کی تنظمیوں کی کئی مثالیں موجود ہیں جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے کئی مسائل حل کئے ہیں۔ کوئی خاص مشکل کام نہیں بس ذرا سی ذمہ داری سمجھنے کی ضرورت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہو گا کہ کون اس سلسلے کو شروع کرتا ہے۔ ہمارا ادارہ ہر وقت شہر کی بہتری کے لئے حاضر خدمت ہے اور اس حوالے ایک رابطہ کا کام کرسکتا ہے۔ اﷲ تعالی ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور ہم سب کے حامی وناصر ہوں۔آمین