صوبائی وزیر یاسر سرفراز کاوعدہ کب پورا ہو گا ؟تحریر : شفاعت ملک

صوبائی وزیر یاسر سرفراز کاوعدہ کب پورا ہو گا ؟تحریر : شفاعت ملک

31مارچ کو ضلع چکوال کے لیجنڈکرکٹرزکے لئے منعقدہ تقریب میں جانے کااعزاز حاصل ہوا۔ تقریب میں تلہ گنگ سے سید انوار شاہ صاحب، سید امیر احمد شاہ صاحب،ملک عطرت عباس صاحب، ملک نیئر عباس صاحب، شاہد اقبال صاحب ، قاضی فاروق صاحب ،ملک وجاہت علی صاحب اور راقم نے شرکت کی۔ اس تقریب میں صوبائی وزیرراجہ یاسر سرفراز صاحب کے ساتھ ممبر قومی اسمبلی سردار ذوالفقار دلہہ صاحب بھی شریک ہوئے۔ برادرم ذوالفقار میر نے سپاسنامہ میں ایک ہی نقطعہ بیان کیا اور وہ چکوال میں کرکٹ اسٹیڈیم کا قیام کا مطالبہ تھا۔ چکوال کی کرکٹ کے فروغ کے لئے کوششوں کے لئے بھی حکومتی سرپرستی کا کہا گیا۔ نوجوانوں کے لئے سرکاری تعلیمی اداروں میں موجود کھیل کے میدان بندہونے کے بعد کی مشکلات کا بھی تذکرہ رہا۔ صوبائی وزیر راجہ یاسر سرفراز صاحب نے چکوال کالج کے گراﺅنڈ کو گرین بنانے اور اسے کرکٹرز کے لئے کھولنے کے اقدامات کر نے کا وعدہ بھی کیا اس موقع پر سید امیر احمد شاہ صاحب نے ایسے ہی اقدامات تلہ گنگ کالج کے لئے لینے کی بھی استدعا کی جوکہ وزیر صاحب نے قبول کر لی۔ کھیلوں کی سہولیات کی کمی کا رونا تو ایک عرصے سے رویا جا رہا ہے مگر شاید یہ مسئلہ کبھی بھی حکمرانوں کی ترجیح نہیں رہا۔ کالجز کے گرﺅانڈز تو کافی عرصے سے کھیلوںکے لئے بند کئے جا چکے ہیں۔اب عرض یہ ہے کہ وزیر صاحب جب چاہیںان میدانوں کو سبز بنائیں مگر فی الوقت ان کو کھیلوں کی سر گرمیوں کے لئے کھولنے کے احکامات تو جاری کریں تاکہ نوجوانوں کو کھیلنے کی کچھ تو سہولت میسر آئے۔ ایک وقت تھا کہ تلہ گنگ میں کرکٹ ،ہاکی اور فٹ بال کے بہترین ٹورنامنٹس ہوا کرتے تھے مگر گزرتے وقت کیساتھ جہاں دیگر صحتمندانہ سرگرمیوں کی قلت ہو گئی وہاں یہ سب ٹورنامنٹس بھی غائب ہو گئے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی اور صوبائی حکومتیں ان مسائل کی طرف توجہ دیںتاکہ نوجوان ان سرگرمیوں کی طرف راغب ہوں۔ اس سے نہ صرف صحتمند معاشرہ جنم لے گا بلکہ معاشرے سے جرائم بھی کم ہونگے۔ چکوال میںہونے والے اس پروگرام کے انعقاد میں جن احباب نے حصہ ڈالا ان کی محنتوں اور کوششوں کو ہر سطح پر سراہا گیا۔ خاص طور پر برادرم ذوالفقار میر اور جمیل حیدر صاحب کی محنت نے اس پروگرام کو چار چاند لگادیئے۔ اﷲ ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور ہم سب کے حامی و ناصر ہوں۔ آمین۔