اسپتالوں میں ڈاکٹروں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

اسپتالوں میں ڈاکٹروں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

تلہ گنگ(نما ئندہ بول تلہ گنگ) حکومت پنجاب نے ضلع چکوال کے تمام سرکاری اسپتالوں اورطبی مراکز میں بلاوجہ ڈاکٹروں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائدکردی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ پابندی مریضوں کی جانب سے بڑھتی ہوئی شکایات کے پیش نظر عائدکی گئی ہے۔تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈکوارٹرز اسپتالوں اور دیہی وبنیادی طبی مراکز کے سربراہوں کو مراسلہ جاری کردیاگیاہے۔عمل درآمدنہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی،جب کہ سرکاری اسپتالوں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات کی روک تھام اور ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف کی سکیورٹی یقینی بنانے اور علاج معالجے کا بغیر کسی رکاوٹ کے جارے رکھنے کے لئے مریضوں کے لواحقین کی رسائی بھی محدودکردی گئی ہے، مقررہ اوقات کے علاوہ اور وزیٹر کارڈکے بغیر مریض تک کسی کو بھی جانے کی اجازت نہ ہوگی۔