چوہدری برادران کی مقبولیت ۔۔۔ تحریر : شفاعت ملک

چوہدری برادران کی مقبولیت ۔۔۔ تحریر : شفاعت ملک

چوہدری پرویزالہی صاحب کے پنجاب اسمبلی میںجانے کے فیصلے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقہ 65سے چوہدری شجاعت حسین صاحب کے انتخاب لڑنے کی خبریں ہیں۔ ق لیگ نے ہمارے علاقے کی خدمت کی اس میں کوئی دوسری رائے نہیں۔ عوام نے بھی دیر سے ہی سہی مگر اس دفعہ چوہدری پرویزالہی صاحب اور حافظ عمار یاسر صاحب کی انتخابات میں فتح کی صورت میں اس کا صلہ دے دیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین صاحب ایک نہائت قد آور سیاسی شخصیت ہیں اور ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ مگر میرا مقدمہ کچھ اور ہے۔ میں ایک عرصے سے تلہ گنگ کو نظر انداز کرنے کے خلاف لکھ رہا ہوں۔ ہمیںیہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تلہ گنگ میں قیادت کا فقدان نہیں ہے۔ بس ہمارے لوگوں کوسیاست میں آگے آنے نہیں دیا گیا۔ ملک سلیم اقبال صاحب کا سب سے بڑا سیاسی کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے ہمیں سرداری نظام سے بچایا۔ان کی سیاست سے کئی لوگ اختلاف بھی رکھتے ہو نگے اور میرے خیال میں بھی انہوں نے مقامی قیادت کو پنپنے نہیں دیا،جس کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ حلقہ پی پی 24 میں امیدوارمشرق سے اور این اے 65میں امیدوا ر مغرب سے تسلسل سے آتے رہے ہیں۔ مگر اب تو امیدوار دوسرے ڈویژن سے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جس پر قانونی طور پر کوئی اعتراض نہیں بنتا مگر حلقہ کے مسائل سے باہر کے امیدوار کی آگاہی کیسے ہو گی؟۔ہماری آواز اسمبلی میں کیسے جائے گی؟۔ لوگوں میں یہ شعور کب آئے گا کہ ہمیں اپنی آواز خود بننا ہے۔ یہ سوالات پریشان کئے رکھتے ہیں۔ حافظ صاحب ہی چوہدری صاحبان کو یہ سارا پلیٹ فارم مہیا کرتے ہیں۔ عوام میں انکی مقبولیت کوئی ڈھکی چھپی نہیں ۔ جس کا ثبوت کئی دفعہ دیکھا جا چکاہے۔ مگر اب چوہدری شجاعت صاحب کے انتخاب میں شرکت کی وجہ سے حافظ صاحب کے کندھوں پر مزید بوجھ آئے گا اورکیا وہ اس امتحان میں کامیاب رہیں گے اس کا فیصلہ تو آنیوالا وقت کریگا۔ قومی اسمبلی کے اس حلقے میں باہر کے امیدوارو ں کے خلاف ہمیشہ ایک مقبول نعرہ گونجتا رہتا ہے جو اس دفعہ بھی مخالفین کی طرف سے خوب استعمال کیاجائے گا۔ بہرحال اس نشست پر بڑے چوہدری صاحب کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ مگر میرا سوال وہیں ہے۔ کیا ہمارے ہاں واقعی قیادت کافقدان ہے یا ہمیں آگے آنے سے روکا جا رہا ہے یاہمیں اپنی قیادت خود کرنے کی اہمیت کاادراک نہیں۔اس کا فیصلہ آپ پر چھوڑتا ہوں۔ اﷲ تعالی ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور ہم سب کے حامی وناصر ہوں۔آمین