سیاسیوں کی عوام کے ڈیروں پر حا ضریں ۔۔۔تحریر : شفاعت ملک

سیاسیوں کی عوام کے ڈیروں پر حا ضریں ۔۔۔تحریر : شفاعت ملک

جس طرح چھوٹی چھوٹی خوشیاں زندگی کو بھرپور بنا دیتی ہیں اسی طرح چھوٹی چھوٹی باتیں بڑی تبدیلیوں کا سبب بنتی ہیں۔اور یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہی زندگی کے معیار کو بھی بہتر بناتی ہیں۔ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کو اپنی زندگی کاحصہ بنا کر معاشرے میں زبردست تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ جیسے کوڑا کرکٹ ہر جگہ نہ پھینکنے کی چھوٹی سی عادت، کم دھواں اخراج کرنے والی گاڑی کے استعمال کی عادت، اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے کی عادت،مسکرا کر بات کرنے کی عادت، شکریہ ادا کرنے کی عادت، درختوں کاخیال رکھنے کی عادت، پلاسٹک بیگز کے کم سے کم استعمال کی عادت، پانی اور بجلی کی احتیاط سے استعمال کر نے کی عادت، پڑھنے کی عادت اور اپنے اور دوسروںکے تجربات سے سیکھنے کی عادتیں اپنانے سے ہم اپنی زندگیوں کے ساتھ معاشرے کو بہتر بناسکتے ہیں اور ان سب باتوں پر کوئی خرچ نہیں ہے۔کسی حکومتی ادارے کی مدد کی بھی ضرورت نہیںہے ۔ اور اس کے ساتھ ساتھ ہمارے سیاسی ماحول میں اچھے نمائندے چننے کی عادت بھی بہت اہم ہے۔
میں ہمیشہ سے اس بات کاقائل ہوں کہ اپنی ذمہ داریاں پہلے ادا کرنی چاہیں اس کے بعد دوسروں پر تنقید کرنی جائز بنتی ہے۔ہم اکثر معاشرے میں موجود تمام برائیوں اور مسائل کا ذمہ دار حکومتوں کو گردانتے آئے ہیں مگراپنی ذمہ داریوں سے نظریں چراتے بھی آئے ہیں۔ آگاہی کے اس دور میں ہمارے پاس اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
سیاسی سرگرمیوں کاوقت آچکاہے۔ تمام سیاسی جماعتیں ایک بار پھر عوام سے رابطے بحال کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ کچھ پرانے اور کچھ نئے وعدے بھی کر رہے ہیں۔ یہ ہی وہ وقت ہے جب ہم نے بھی اہم فیصلے کر نے ہیں۔ اپنے علاقے کی محرمیوں اور مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ ہمارا انتخابی ڈھانچہ کیونکہ اشرافیہ کے گرد کھومتا ہے اور عام آدمی کے اس نظام میں شمولیت صرف ووٹ دینے تک ہی ہے،ووٹ لینا شاید صرف اشرافیہ کاکام ہے۔ تو اس صورتحال میں ہمارے ہاتھ جو بھی ذمہ داری ہے اس کو اچھے سے نبھانا بہت ضروری ہے۔ موجودہ ووٹ کے طلبگاروں میں سے جو بھی آپ کو لگے کہ علاقے کی بہتری میں کردار ادا کر سکتا اس کو ہی چنا جانا چاہیئے۔ برادری، قوم، قبیلے، اور دھڑوں سے نکل کر صرف اسکے حق میںفیصلہ کرنا چاہیے کہ جو ہمارے مسائل کو کم کر نے میں مدد دے اور ہماری آواز اقتدار کے ایوانوں میں پہنچا سکے۔ اﷲتعالی ہم سب کے لئے آسانیاں پیدا کریں اور ہم سب کے حامی و ناصر ہوں۔ آمین